نئی دہلی،14دسمبر(آئی این ایس انڈیا) کسان دہلی کی تمام سرحدوں پر زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ 19 دن ہوئے ہیں جب کسانوں نے دھرنا دیاہے اور مرکزی حکومت کے ساتھ چھے دورکے مذاکرات کا ابھی تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔
حکومت کسانوں سے اپیل کررہی ہے جبکہ کسان تنظیمیں ان کو واپس لینے کے مطالبے پرقائم ہیں۔ادھرمدھیہ پردیش کے وزیر زراعت کمل پٹیل نے مظاہرہ کرنے والے کسانوں کی تنظیموں کو’ککرمتے‘ کہا ہے۔
کمل پٹیل نے کہا ہے کہ یہ کسان تنظیمیں ’ککرمتے‘کی طرح بڑھ چکی ہیں۔ وہ کسان نہیں، بلکہ وہیلر ڈیلر (جو سیاسی اور تجارتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں) اورملک مخالف شہری ہیں۔مدھیہ پردیش کے وزیر زراعت کمل پٹیل بی جے پی کے کسانوں کے ساتھ بات چیت پروگرام کے ایک حصے کے طورپراجین میں ایک پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اسی دوران انہوں نے یہ باتیں کہیں۔بی جے پی نے کسانوں کونئے زرعی قوانین کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے ملک بھرمیں ایک مہم چلائی ہے، جس میں پارٹی رہنمایہ بتا رہے ہیں کہ یہ قوانین ان کے مفادمیں کیسے ہیں۔